|
|
---فائل فوٹو
امریکی ریاست جارجیا میں طلبہ کے ایک مذاق نے افسوسناک رخ اختیار کر لیا، جہاں ہائی اسکول کے ایک استاد گاڑی کی ٹکر سے جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ ریاضی کے استاد جیسن ہیوز ایک اسکول میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے، 5 مارچ کو پیش آنے والے واقعے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق چند طلبہ نے مذاق کے طور پر استاد کے گھر کے درختوں پر ٹوائلٹ پیپر لپیٹ دیا، جو امریکا میں نوجوانوں کے درمیان عام شرارت سمجھی جاتی ہے، جب جیسن ہیوز گھر سے باہر آئے تو طلبہ موقع سے فرار ہونے لگے، اسی دوران وہ بھاگتے ہوئے سڑک پر گر پڑے اور ایک ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔
گاڑی 18 سالہ طالب علم جیدن ریان والس چلا رہا تھا، واقعے کے بعد زخمی استاد کو فوری طور پر میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جیدن ریان والس پر فرسٹ ڈگری وہیکولر ہومیسائیڈ، لاپروائی سے ڈرائیونگ، غیر قانونی داخلے اور کچرا پھیلانے سمیت کئی الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ اس واقعے میں ملوث مزید 4 نوجوانوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔ |
|