|
|
---فائل فوٹو
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران تازہ حملوں اور ردعمل نے خطے میں کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عراق کے شہر کرکوک کے قریب فضائی حملہ کیا گیا جس میں الحشد الشعبی کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس حملے میں 4 جنگجو ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر تل ابیب میں اسرائیلی وزارت صحت نے بتایا کہ جنگ کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 191 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جس میں شہری اور فوجی اہلکار دونوں شامل ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 2 ہزار سے زائد افراد کو اسپتال لایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے شہر آراک میں ایک رہائشی عمارت پر امریکا اور اسرائیل کے مبینہ حملے میں 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں تیل کے ڈپو پر حملوں کے جواب میں اسرائیل کے شہر حیفا میں ریفائنریوں اور ایندھن کے ذخائر کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس دوران چین نے بھی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق خلیجی ممالک سے 10 ہزار سے زائد چینی شہری واپس چین پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چین ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان فوجی تنازع کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ |
|